Thursday, June 9, 2011

بابا کا انتقال ہو گیا

پچھلے دنوں مجھے کچھ شدید قسم کا دنیاوی نقصان پہنچا تھا ، میرے چند ہزار ڈالر ڈوب گئے اسکے علاوہ چند ہزار ڈالر کا قرضہ بھی چڑھ گیا ہے ، پیسے کے ڈوبنے کا اتنا زیادہ افسوس نہیں نہ ہی مجھے وقت کے ضایع ہونے کا افسوس ہے افسوس تو صرف محنت کا ہے جو ضایع ہوی۔ اس نقصان کی وجہ سے میں کافی پریشان تھا اور ابھی بھی  ہوں اور دورہِ قنوطیت کے کچھ آثار باقی ہیں۔
اس نقصان کا میری زندگی پر بہت اثر ہوا  لیکن میری راتوں کی نیند نہیں اڑی ، لیکن دو دن پہلے کاشف نے جو خبر مجھے سنائی ہے اسکی وجہ سے میں دو راتوں سے سو نہیں پا رہا ، ابھی ڈیرڈھ گھنٹا پہلے میں بنیاد پرست بھای سے بات کر رہا تھا اور انکو یہ کہہ کر گیا تھا کہ میں سونے جا رہا ہوں لیکن اتنی دیر سونے کی کوشش میں ناکام رہا اب میرے پاس یہ پوسٹ لکھنے کے سوا کوی چارہ نہیں ۔
بابا کا اور میرا بہت گہرا جذباتی رشتہ تھا، میرے بچپن کے ساتھ بابا کی بہت سی یادیں اور محبت جڑی ہے جو مجھے انکی طرف سے ملی۔ بابا  سپلائی کرنے جاتے تو میری ضد پر اکثر مجھے بھی سائیکل پر بٹھا لیتے تھے ، ایک دن ایک قصای کی دکان پر رک کر اس سے سلام دعا کر رہے تھے کہ میں نے گاے کی لٹکی ہوی دم کی طرف اشارہ کر کے ضد شروع کر دی کہ مجھے یہ لینی ہے ، قصای بھی کافی حیران ہوا کہ اس بچے نے یہ کیا ضد شروع کر دی ہے بابا نے بھی مجھے سمجھانے کی کوشش کی لیکن انکی محبت اور میری ضد غالب آگئی اور بابا نے وعدے کے مطابق مجھے واپسی پر وہ گاے کی دُم لے کر دی جسکو میں خوشی خوشی گھر لے کر گیا۔ دُم کے ساتھ اور میرے ساتھ گھر جا کر کیا ہوا یہ ایک الگ کہانی ہے ۔
اسی طرح ایک دفعہ مجھے مچھلیاں خریدنے کا شوق ہوا تو چند مچھلیاں خریدیں گئیں ، شام کو جب بابا آے تو میں نے انکو اپنی مچھلیوں کے بارے میں بتایا ، انہوں نے کہا کہ اگر تمہیں مچھلیاں چاہیے تھیں تو مجھے بتاتے "*****" پر ایک جوہڑ ہے جہاں مچھلیاں ہوتی ہیں ، کل میں تمہارے لیے وہاں سے مچھلیاں لے کر آوں گا ، اور اگلے ہی دن بابا میرے لیے مچھلیاں لے کر آے ۔
بابا میری ہر قسم کی خواہش کو پورا کیا کرتے تھے اور انکو مجھ سے بہت محبت بھی تھی۔  اب جب سے کاشف نے مجھے بتایا ہے کہ بابا کا انتقال ہو گیا ہے تو میرا دماغ کافی آوٹ ہوا ہے ، میں اپنے آپکو حد سے زیادہ مصروف رکھنے کی کوشش میں ہوں، کسی کو اپنی گاڑی میں ٹائر لگوانے ہیں تو اسکے ساتھ جا رہا ہوں کسی کو مال سے کپڑے خریدنے ہیں تو ایسے ہی فضول میں انکے ساتھ جا رہا ہوں ، مجھے ویڈیو گیمز کا بلکل بھی شوق نہیں لیکن لڑکوں سے کہہ رہا ہوں کہ جب کھیلنے لگو تو مجھے بلا لو ۔ دن میں تو کسی نہ کسی طرح وقت گزر جاتا ہے لیکن رات میں کیا کروں ۔۔۔
اب بابا کے لیے دعا سے زیادہ میں اور کچھ بھی نہیں کر سکتا کہ بابا دنیا میں نہیں رہے ۔ ۔
اللہ تعالیٰ انکے گناہوں کو معاف فرمائیں اور انکو جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائیں ۔
نوٹ:۔ دوستوں سے درخواست ہے کہ ان دونوں واقعات کے متعلق مزید تفصیل مت پوچھیں کہ میں بتانا نہیں چاہتا ۔ بہت شکریہ 

9 comments:

  1. میری دلی دعا ہے اللہ بابا کی مغفرت فرمائے اور آپ کو اس صورتحال کو سمجھ جانے اور اس سے کامیابی سے گذر جانے کی استطاعت عطا فرمائے
    آمین

    ReplyDelete
  2. اللہ تعالیٰ انکے گناہوں کو معاف فرمائیں اور انکو جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائی

    آمين يا رب العالم
    محمد سعید پالن پوری

    ReplyDelete
  3. ابھی کل تک کی بات ہے کہ آپ مجھے حوصلہ دے رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بابا جی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ کے ساتھ ساتھ باقی سب گھر والوں کو بھی صبر جمیل عطا فرمائے۔
    اللہ سب بہتر فرمانے والا ہے اللہ خیر کرے گا انشاءاللہ آمین

    ReplyDelete
  4. ارسلان۔۔۔ تم ایک بہادر بندے ہو۔۔۔ میں یہ کیسے کہہ رہا ہوں، یہ میں خود بھی نہیں جانتا۔۔۔ لیکن میرا دل کہتا ہے کہ میرا بھائی بہت ہمت والا ہے۔۔۔ میں بابا جان کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔۔۔ لیکن یہ ضرور جانتا ہوں کہ میرا بھائی جس شخص کے لیے غمگین ہے، وہ شخص بہترین انسان ہوگا۔۔۔
    اللہ بابا جان کو جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائے۔۔۔ اور تمہیں حوصلہ دے۔۔۔ آمین۔۔۔

    ReplyDelete
  5. خدا کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔

    ReplyDelete
  6. انا لللہ و انا علیہ راجعون . اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے. انکے کبیرہ صغریٰ گناہوں کو معاف فرمائے اور جنّت الفردوس میں جگه عنایت فرمائے اور ارسلان بھائی کو یہ صدمہ جھیلنے کی توفیق عطا فرمائے.

    ReplyDelete
  7. انا للہ و انا الیہ راجعون - اللہ سبحانہ و تعالیٰ بابا کی مغفرت فرمائیں اور اُنکے درجات بلند فرمائیں اور تمام پسماندگان کو بالخصوص آپکو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ آمین یا رب

    محمد سلیم - شانتو / چائنا

    ReplyDelete
  8. انا للہ وانا الیہ راجعون۔اللھم اغفرہ وارحمہ وعافہ ولا تعذبہ۔اللھم اغفر لنا و لہ ولسائر المسلمین

    ReplyDelete

Note: Only a member of this blog may post a comment.