Wednesday, August 31, 2011

ستمبر جب بھی آتا ہے


ستمبر جب بھی آتا ہے ستمگر یاد آتے ہیں
بجائے رہزنوں کے اپنے رہبر یاد آتے ہیں
زمینیں تنگ کر دیں اِک اشارے میں مکینوں پر
شریفوں کے شجر مرجھا گئے اپنی زمینوں پر
مسلسل جی حضوری کے وہ پیکر یاد آتے ہیں
وہ اِک مُلا کے ڈٹ کر رہ گیا اپنے موقف پر
وہ مِسٹر جو سمٹ کر رہ گیا اپنے موقف پر
وہ مُلا یاد آتے ہیں ، وہ مِسٹر یاد آتے ہیں
ستمبر جب بھی آتا ہے ستمگر یاد آتے ہیں
سراسر دین کا سودا کیا دنیا کے بدلے میں
جنہوں نے مانگ لی دنیائے دوں عقبا کے بدلے میں
وہ شاہی بھیس میں راہی گداگر یاد آتے ہیں
ستمبر جب بھی آتا ہے ستمگر یاد آتے ہیں
اُدھر منظر ہی یکسر مختلف تھا ، جان تک دے دی
بس اِک مہمان کے حق میں وطن کی آن تک دے دی
وہ فاقہ مست ، وہ مردِ قلندر یاد آتے ہیں
میری پلکوں پے جگنو اور ستارے جگمگاتے ہیں
میری غیرت جگاتے ہیں ، مجھے پہروں رُلاتے ہیں
وہ جب بحرِ عزیمت کے شناور یاد آتے ہیں
ستمبر جب بھی آتا ہے ستمگر یاد آتے ہیں
وہ فاقہ مست وہ مردِ قلندر یاد آتے ہیں

حضرت خالد اقبال تائب صاحب دامت برکاتہم

No comments:

Post a Comment

Note: Only a member of this blog may post a comment.